پاک فوج سوات میں امن و سلامتی کے قیام کے لئے اپنا ٹھوس کردار ادا کرتی رہے گی،جنرل راحیل شریف

پاک فوج سوات میں امن و سلامتی کے قیام کے لئے اپنا ٹھوس کردار ادا کرتی رہے گی،جنرل راحیل شریف

راولپنڈی : چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج سوات میں امن و سلامتی کے قیام کے لئے اپنا ٹھوس کردار ادا کرتی رہے گی،سوات میں کنٹونمنٹ کے قیام سے علاقے کے امن کو کسی بھی قسم کے درپیش خطرے سے نمٹنے کے لئے مستقل سکیورٹی مہیا ہو سکے گی۔ پاک فوج نے آپریشن سے متاثرہ علاقوں کے سماجی شعبے میں 700 بڑے اور چھوٹے منصوبے مکمل کئے ہیں، پوری دنیا منفرد انداز میں دہشت گردی کے خلاف جنگ سے تعمیر نو تک کے پاک فوج کے کردارکو سراہتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے مینگورہ، کانجو اور سوات میں خوازہ خیلہ کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران آرمی چیف نے وزیراعلیٰ اور گورنر خیبرپختونخوا کے ہمراہ سوات کنٹونمنٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کنٹونمنٹ کی منظوری 8 ستمبر 2015ء کو اس علاقے کی سکیورٹی کی ضروریات کے پیش نظر عوام کے پرزور مطالبے پر دی گئی تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے پر سوات کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سوات کے عوام وادی سواتے دہشت گردوں کو باہر نکال پھینکنے میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ اس تاریخی موقع پر سوات کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج سوات میں امن و سلامتی کے قیام کے لئے اپنا ٹھوس کردار ادا کرتی رہے گی۔ سوات میں کنٹونمنٹ کے قیام سے دہشت گردوں کو روکا جا سکے گا اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اعتماد بڑھے گا اور علاقے کے امن کو کسی بھی قسم کے درپیش خطرے سے نمٹنے کے لئے مستقل سکیورٹی مہیا ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوات کینٹ علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اور مالاکنڈ کی ترقی حکمت عملی کے طور پر پہلی ترجیح ہے۔ پاک فوج نے آپریشن سے متاثرہ علاقوں کے سماجی شعبے میں 700 بڑے اور چھوٹے منصوبے مکمل کئے ہیں۔ یہ منصوبے مقامی افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنائیں گے اور عسکریت پسندی کے مسئلے کو طویل المدتی بنیادوں پر حل کریں گے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پوری دنیا منفرد انداز میں دہشت گردی کے خلاف جنگ سے تعمیر نو تک کے پاک فوج کے منفرد دائرے کو سراہتی ہے جس کے نتیجے میں عارضی طور پر بے گھر افراد اپنے علاقوں میں واپس جا چکے ہیں۔ آرمی چیف نے اس موقع پر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں مقامی افراد کی مسلسل کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور گورنر خیبرپختونخوا سمیت علاقے کے مقامی عمائدین نے سوات میں کنٹونمنٹ کے قیام پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے سوات میں حال ہی میں مکمل ہونے والے شیخ خلیفہ بن زید ماڈل ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔

ہسپتال کے معیار اور سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف نے مقامی افراد کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس علاقے کی سماجی، معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ البشاء النومی اور یو پی اے پی کے ڈائریکٹر عبداللہ الغفیلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعدازاں آرمی چیف نے زیرتعمیر سٹیٹ آف دی آرٹ آرمی پبلک سکول کا بھی دورہ کیا۔ قبل ازیں جب آرمی چیف سوات پہنچے تو کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن اور جے او سی سوات میجر جنرل آصف غفور نے ان کا استقبال کیا۔