شوبز کی چمکتی دنیا کی حقیقت ایک خواب جیسی ہے، میرا

ہاں سب کچھ اچھا اورخوابوں کی طرح دکھائی دیتا ہے، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے

شوبز کی چمکتی دنیا کی حقیقت ایک خواب جیسی ہے، میرا

لاہور: معروف اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ شوبزکی چمکتی دمکتی دنیا بڑی ہی عجیب ہے۔ عام طورپر یہاں سب کچھ اچھا اورخوابوں کی طرح دکھائی دیتا ہے، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ مگر اس کے باوجود کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرکر لوگوں کے اداس چہروں پر مسکراہٹ لانے والا ہی منجھا ہوا فنکارکہلاتا ہے۔

 انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے طویل فنی سفرکے دوران بہت سے انوکھے اور منفرد کردار نبھائے اور لوگوں کوخوب انٹرٹین کیا۔ اس کے لیے میری کڑی محنت نے اہم کردارادا کیا، جو زندگی کے تمام شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے بے حد ضروری ہوتی ہے۔ جولوگ شارٹ کٹ کے ذریعے ترقی کے افق پرچمکنا چاہتے ہیں، وہ وقتی طور پر تولائم لائٹ کا حصہ بن جاتے ہیں لیکن جلد ہی وہ اندھیروں میں گم ہوجاتے ہیں۔ اس لیے کامیابی کے میدان میں آگے بڑھنے اوراس کامیابی کو وہی لوگ برقرار رکھ پاتے ہیں، جومحنت اورلگن کے جذبے سے سرشار ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فلمی دنیا میں جب قدم رکھا توپھر کامیابیوں نے میرے قدم چومے۔

دوسری جانب فلموں کی کامیابی میں میرے چاہنے والوں کی دعاؤں کا بھی بہت عمل دخل شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری میں بہت سے یادگارکردارنبھائے بلکہ پاکستانی فلموں پرراج کرنے والے تمام فنکاروں کے ساتھ کام کیا اوراپنے سینئرز سے بہت کچھ سیکھا۔ میں سمجھتی ہوں کہ انسان کوسیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رکھنا چاہیے، جولوگ سیکھنے کا عمل روک دیتے ہیں، وہ پیچھے رہ جاتے ہیں۔ میں دنیا کے کسی بھی مقام پرکام کے لیے جاؤں یا سیروتفریح کے لیے، مگرسیکھنے کا عمل جاری رہتاہے۔

ایک فنکارکے لیے تویہ سب بہت ضروری ہوتا ہے کیونکہ ایک فنکار معاشرے کے مختلف کرداروں کی عکاسی کرتے ہوئے انمیں حقیقت کے رنگ بھرتا ہے وہ صرف فلم کو ہی کامیاب نہیں بناتا بلکہ اس کایہ انداز اس کو فلم بینوں کے قریب لاتا اوراس کردارکو فلم بینوں کی زندگی کا ایک حصہ بنا دیتا ہے

مصنف کے بارے میں