نواز شریف جاچکے، اب واپس نہیں آئیں گے ، عمران خان

نواز شریف جاچکے، اب واپس نہیں آئیں گے ، عمران خان

تونسہ شریف : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف جاچکے ہیں وہ اب واپس نہیں آئیں گے اور اب تک حدیبیہ پیپر ملز کا کیس بھی کھل گیا ہے، اب شہباز شریف کی باری ہے۔
تونسہ شریف میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انسانوں اور جانوروں کے معاشرے میں سب سے بڑا فرق انصاف کا ہوتا ہے۔ جانوروں کے معاشرے میں عدل و انصاف نہیں ہوتا، جو کمزور ہوتا ہے وہ بھوکا مرجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں کے معاشرے میں کوئی طاقتور نہیں کہتا کہ مجھے کیوں نکالا؟ بڑا چور اربوں کی چوری کرتا ہے اور وہ اتنی بڑی رقم ملک میں نہیں رکھ سکتا کیوں کہ وہ پکڑا جائے گا لہٰذا وہ اس پیسے کو باہر بھیج دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو پیسہ پاکستان میں خرچ ہونا ہوتا ہے وہ باہر چلاجاتا ہے اور اس طرح ملازمت کے مواقع بھی بیرون ملک زیادہ ہوتے ہیں اگر یہی پیسہ پاکستان میں خرچ ہو تو یہاں بھی لوگوں کو ملازمت کے مواقع ملیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بڑے لوگوں سے ٹیکس اکھٹا کرے گی، بڑے چوروں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالے گی، ان کا پیسہ واپس لائے گی۔عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعظم سے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہ اکہ اس ملک میں فی الحال کوئی حکومت نہیں ہے، حکومتی وزراء ملک کا 300 ارب روپیہ چوری کرنے والے شخص کو 40 گاڑیوں کا پروٹوکول دے رہے ہیں۔
عمران خان نے عدلیہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”کون سے ملک میں ججز اور عدالتوں پر تنقید کی جاتی ہے؟ میں تو ججز کے صبر کو سلام کرتا ہوں، اگر میں جج ہوتا تو کب کا ان لوگوں کو جیل کے اندر ڈال چکا ہوتا“۔