مصطفی کمال نے غیر ذمہ دارانہ گفتگو کر کے سیاسی اتحاد کا قیمتی موقع گنوا دیا، فیصل سبزواری

مصطفی کمال نے غیر ذمہ دارانہ گفتگو کر کے سیاسی اتحاد کا قیمتی موقع گنوا دیا، فیصل سبزواری

کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کسی کے ساتھ ضم نہیں ہوگی ، ہم نے پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ مستقبل میں سیاسی اتحاد کے لیے کوششیں کیں لیکن پی ایس پی کے سربراہ نے غیر ذمہ دارانہ گفتگو کر کے سیاسی اتحاد کا قیمتی موقع گنوا دیا۔

مصطفی کمال کی پریس کانفرنس کے بعد ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رہنماو¿ں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبز واری نے کہا کہ مصطفی کمال کی پریس کانفرنس سے ایم کیو ایم پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں ہوا لیکن پی ایس پی نے اپنا بہت بڑا نقصان کیا ہے جس کا نقصان انہیں آئندہ انتخابات میں ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم ’راٰ‘ کی ایجنٹ ہے اور سابق ڈی جی رینجرز سندھ بلال اکبر نے ایم کیو ایم پاکستان بنائی لیکن ہمارے ساتھ بیٹھتے بھی ہیں۔فیصل سبزواری نے کہا کہ مصطفی کمال نے الزام عائد کیا کہ میں نے غلط خبریں لیک کیں، مصطفی کمال جس صحافی دوست کا ذکر کر رہے ہیں اس سے ملاقات میں نے ہی کروائی تھی، ہم دونوں کے ٹیلی فونز کا ڈیٹا چیک کر لیا جائے تو اندازہ ہو جائے گا کہ کون جھوٹ بول رہا ہے اور کون سچ کہ رہا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ مصطفی کمال کے الزامات انتہائی افسوسناک افسوسناک ہیں لیکن ان کا شکریہ کہ آج ان کی وجہ سے ہمارے ناراض کارکن ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کسی کے ساتھ ضم نہیں ہو گی، آگے چل کر اندازہ ہو جائے گا کہ کون کس کے ساتھ ضم ہونے جا رہا ہے۔