نئے معاہدے سے 3لاکھ 50ہزار مریضوں کو فائدہ پہنچے گا : وزیر اعلیٰ پنجاب

نئے معاہدے سے 3لاکھ 50ہزار مریضوں کو فائدہ پہنچے گا : وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی دوا ساز کمپنی نوارٹس پاکستان اور حکومت پنجاب کے درمیان ہونے والے معاہدے سے ابتدائی طور پر 3 لاکھ 50 ہزار مریضوں کو فائدہ پہنچے گا اور ان مریضوں کو چار مختلف امراض ذیا بیطس ، امراض قلب ، بریسٹ کینسر اور سانس کی تکالیف کی ادویات فری دی جائیں گی اورپروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ادویات فراہم کی جاسکیں۔

پنجاب حکومت اور بین الاقوامی دوا ساز ادارے نوارٹس فارما پاکستان(Novartis Pharma ) کے مابین 4 امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ حکومت کے اس ویژن کا عکاس ہے جس کے تحت دکھی انسانیت کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت نے ہسپتالوں میں علاج معالجے کو بہتربنانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں - حکومت پنجاب نوارٹس کے ساتھ مفت ادویات مہیا کرنے کے پروگرام کو مزید آگے بڑھائے گی اور مجھے امید ہے کہ جلد اس پروگرام کا دائرہ کار 12 لاکھ مریضوں تک پھیلا دیا جائے گا

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت اور نوارٹس نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے بڑا قدم اٹھایا ہے اور پنجاب کی ٹیم ،نوارٹس کے حکام اور ان مریضوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو اس سے استفادہ کریں گے ۔نوارٹس کی طرف سے6 ارب روپے کی مفت ادویات مریضوں کو غیر مشروط طور پر دی جا رہی ہیں اور اس کے لئے نہ تو کوئی سیاسی شرط عائد کی گئی ہے اور نہ ڈو مور کا تقاضا کیا گیا ہے بلکہ یہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے اور اسی جذبے اور عزم کو ہم نے آگے بڑھانا ہے ۔