ایک ویڈیو منظر عام پر آنے سے کوئی ایسا طوفان نہیں آیا:چودھری سرور

ایک ویڈیو منظر عام پر آنے سے کوئی ایسا طوفان نہیں آیا:چودھری سرور
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی جہانگیر ترین سے چودھری سرور کی شکایت کی ویڈیو لیک ہونے کے بعد گورنر پنجاب بھی میدان میں آگئے ہیں اور انہوں نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی جماعت ہے اگر ان کے کوئی گلے شکوے ہیں تو اسے ضرور سنا جائے گا۔


میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ چوہدری برادران سے بہت اچھے تعلقات ہیں، ایک خاندان میں بھی باتیں ہوجاتی ہیں، ایک ویڈیو منظر عام پر آنے سے کوئی ایسا طوفان نہیں آیا۔


چودھری سرور کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے آثار لوگوں کو بہت جلد نظر آنا شروع ہوجائیں گے، وزیراعظم سمیت ہم سب اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔


خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ کو وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب کی شکایت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر ہونے والی اس ملاقات کے دوران طارق بشیر نے جہانگیر ترین کو کہا کہ ’سر مہربانی کریں چودھری سرور کو کنٹرول کریں، یہ آپ کے وزیراعلیٰ کو نہیں چلنے دیں گے‘ جس پر چودھری پرویز الٰہی نے بھی ہاں میں ہاں ملائی۔