تاخیر سے شو شروع کرنے پر میڈونا کے خلاف مقدمہ

تاخیر سے شو شروع کرنے پر میڈونا کے خلاف مقدمہ

نیویارک:گزشتہ صدی کی 25 بااثر خواتین میں شمار ہونے والی اور موسیقی کی دنیا کی ”رانی“ کہلائی جانے والی امریکی گلوکارہ، اداکارہ، لکھاری و موسیقار میڈونا پر ایک مداح نے تاخیر سے میوزیکل شو شروع کرنے پر مقدمہ کردیا۔

61 سالہ میڈونا گزشتہ ایک سال سے امریکا میں اپنے میوزیکل فیسٹیول منعقد کرنے میں مصروف ہیں اور رواں سال کے آخر اور آنے والے سال کے آغاز تک وہ مختلف شہروں میں میوزیکل شوز منعقد کرتی دکھائی دیں۔

میڈونا کے ان شوز کی ایک ٹکٹ کی قیمت 261 امریکی ڈالر سے 1724 امریکی ڈالر تک ہے اور ان کے شوز دیکھنے کے لیے لوگوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔میڈونا کے میوزیکل شوز کی تمام ٹکٹ شو کی تاریخ سے کم سے کم تین ماہ قبل ہی فروخت ہوجاتی ہیں اور مداح شو کو کئی گھنٹے گزرجانے کے بعد بھی ان کی پرفارمنس کے سحر میں ڈوبے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

اگرچہ عام طور پر اداکارہ مقررہ وقت پر میوزیکل شو شروع کردیتی ہیں، تاہم حال ہی میں ایک مداح نے ان پر دو گھنٹے کی تاخیر سے شو شروع کرنے پر مقدمہ کردیا۔گلوکارہ کے مداح نے نہ صرف میڈونا بلکہ ان کے شوز کو منعقد کرنے والی انٹرٹینمنٹ چینل پر بھی مقدمہ کردیا۔

ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے میڈونا کے مداح نیت ہلیندر نے گلوکارہ کے خلاف میامی بیچ کی وفاقی عدالت میں رواں ماہ 4 اکتوبر کو مقدمہ دائر کیا۔رپورٹ کے مطابق مداح نے گلوکارہ پر گزشتہ ماہ 19 اکتوبر کو میامی بیچ میں ہونے والے ایک شو کو تاخیر سے شروع کرنے پر مقدمہ کردیا۔

مداح نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے گلوکارہ کے شو کے 10 ہزار امریکی ڈالر سے زائد رقم میں تین ٹکٹ خریدے جن پر میڈونا کے شو کا وقت رات کے ساڑھے 8 بجے درج تھا۔

مداح نے اپنی درخواست میں کہا کہ تاہم بعد ازاں میڈونا اور شو انتظامیہ نے شو کا ٹائم تبدیل کرکے رات کے ساڑھے 10 بجے کردیا اور شو کو ٹکٹ میں درج وقت سے 2 گھنٹے بعد شروع کیا گیا۔