گلگت میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کی ون آن ون ملاقات

Bilawal Bhutto Zardari, Maryam Nawaz,
کیپشن: Photo: PPP Facebook

گلگت: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ون آن ون ملاقات کے بعد پارٹی وفود کی بھی ملاقات ہوئی۔ 


ملاقات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔صدر پی پی پی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ بھی اس ملاقات میں   چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ  تھے۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پرویز رشید، حافظ حفیظ الرحمان اور مریم اورنگزیب شامل ہوئے۔ 


 چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک ہی ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔ 

 یاد رہے کہ مریم نواز کی جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آج چائے پر مدعو کیا گیا تھا۔ گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹ کے حالیہ ایک سروے میں گلگت بلتستان کے عوام کی اکثریت نے تحریک انصاف کو ووٹنگ کے لیے اپنی پہلی پسندیدہ جماعت قرار دیا جبکہ دوسرے نمبر پر پی پی پی ہے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات 15 نومبر کو منعقد ہونے جارہے ہیں  اور اسی سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی مہم زور و شور سے جاری ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی گلگت بلتستان میں بھرپور سیاسی مہم چلاتی نظر آرہی ہیں۔