علی جہانگیر کی امریکا میں بطور سفیر تعیناتی کیخلاف درخواست خارج

 علی جہانگیر کی امریکا میں بطور سفیر تعیناتی کیخلاف درخواست خارج
کیپشن: یہ سیاسی تعیناتیاں ہیں وزیراعظم کسی کو بھی تعینات کر سکتا ہے، جسٹس اطہر من اللہ۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی جہانگیرصدیقی کی امریکا میں بطور سفیر تعیناتی کیخلاف درخواست خارج کر دی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔

علی جہانگیر صدیقی کیخلاف درخواست حسن مان ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی۔ وکیل نے کہا علی جہانگیر سول سرونٹ نہیں تعیناتی قانون کے مطابق نہیں علی جہانگیر کے خلاف نیب ریفرنس بھی چل رہا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے یہ سیاسی تعیناتیاں ہیں وزیراعظم کسی کو بھی تعینات کر سکتا ہے۔ قانون بتائیں سول سرونٹ کے علاوہ سفیر تعینات نہیں ہو سکتا۔ یہ ایگزیکٹیو کا اختیار ہے جو وہ کر سکتے ہیں اور چیف ایگزیکٹیو نے کچھ سوچ سمجھ کر ہی لگایا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا عدالت پارلیمنٹ کو کوئی ہدایت نہیں دی سکتی اور نئی حکومت آئی ہے وہ ہی اس معاملے کو دیکھے گی۔