وفاقی کابینہ نے ارشد ملک کو چیئرمین پی آئی اے لگانے کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے ارشد ملک کو چیئرمین پی آئی اے لگانے کی منظوری دے دی
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ایئروائس مارشل (ر) ارشد ملک کو چیئرمین پی آئی اے لگانے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چیئرمین پی آئی اے اور چیئرمین بیت المال کے تقرر کی منظوری دی گئی۔وفاقی کابینہ نے عون عباس کو چیئرمین بیت المال اور ارشد ملک کو قومی ائیرلائن کا چیئرمین لگانے کی منظوری دی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہناتھا کہ پی آئی اے پر 406 ارب قرض ہے تاہم ایئروائس مارشل ارشدملک کوچیئرمین پی آئی اے لگانےکافیصلہ کیا گیا ہے ، چیئرمین پی آئی اے کو کہاگیاہے کہ ادارےکی مالی مشکلات کوفوری حل کریں،پی آئی اے میں ہرماہ 2 ارب روپے خسارہ ہورہا ہے ۔

خیال رہے کہ ارشد ملک چیئرمین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ سمیت دیگر کلیدی عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں، انہیں شاندار کیرئیر اور خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔