نواز شریف نے ملک کو اندھیروں سے نکالنے کا وعدہ پورا کیا ، حمزہ شہباز

نواز شریف نے ملک کو اندھیروں سے نکالنے کا وعدہ پورا کیا ، حمزہ شہباز
کیپشن: فوٹو فائل

راولپنڈی: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ابھی 50 دن ہوئے ہیں ایک شخص کہتا تھا کہ اگر آئی ایم ایف سے قرضہ لیا تو خود کشی کر لوں گا۔

وہ حلقہ این اے- 63  میں منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انتخابی امیدوار بیرسٹر عقیل ملک نے بھی خطاب کیا۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ خود کشی کی بات کرنے والا اب کہتا ہے قرضہ لے لیا تو کونسی قیامت آگئی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ ملک کو اندھیروں سے نکالیں گے، انہوں نے وعدے پورے کیے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے وقت میں بھی پیسہ نہیں تھا لیکن بجلی کے منصوبے پھر بھی لگائے اور ملک و قوم کو اندھیروں سے نکالا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دیامیر بھاشا ڈیم کی زمین نواز شریف نے خریدی ہوئی ہے۔این اے- 63 پر انتخابی امیدوار بیرسٹر عقیل ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام تبدیلی کو رد کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف غریبوں کا دکھ  و درد دل میں رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے نواز شریف کو گرفتار کیا گیا اور ضمنی انتخابات سے قبل شہباز شریف گرفتار ہیں۔بیرسٹر عقیل ملک نے خبردار کیا کہ ہمیں جیلوں میں ڈالیں گے ہم جیل توڑ دیں گے۔