ایڈیشنل آئی جی کا کراچی میں منشیات کے اڈے بند کرانے کا حکم

ایڈیشنل آئی جی کا کراچی میں منشیات کے اڈے بند کرانے کا حکم
کیپشن: image by facebook

کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے ڈی آئی جیز کو خط لکھ کر حکم دیا ہے کہ شہرِ قائد کے تینوں زونز میں منشیات کے اڈوں کو فوری طور پر بند کرایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی سب سے بڑی وجہ منشیات قرار دے دی، اے آئی جی کراچی نے تینوں زون کے ڈی آئی جیز کو منشیات کے اڈے بند کرانے کا حکم دے دیا۔

ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ ہر  جرم کے پیچھے منشیات کا استعمال پایا گیا، حتیٰ کہ تعلیمی ادروں میں بھی طلبہ و طالبات منشیات استعمال کر رہے ہیں۔

کراچی کے منشیات کے جن اڈوں کی نشان دہی کی گئی ہے ان میں محمود آباد چنیسر گوٹھ کا بڑا اڈہ سرِ فہرست ہے، دوسرے نمبر پر شیریں جناح کالونی کا اڈا ہے۔

منشیات کے اڈوں میں سول لائنز میں ہجرت کالونی، کلا کوٹ لیاری میں بہار کالونی بھی شامل ہیں، خط میں لکھا گیا ہے کہ ابراہیم حیدری ریڑھی گوٹھ میں بھی منشیات کے اڈے موجود ہیں۔

اے آئی جی امیر شیخ نے خط میں ناظم آباد میں سیف اللہ کے اڈے، شاہراہ نور جہاں میں ڈی سلوا ٹاؤن کے اڈے، لسبیلہ، لانڈھی میں مسلم آباد، ملیر سٹی منا بروہی، قائد آباد کے اڈے کی بھی نشان دہی کی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ موسمیات کے قریب بلاول گوٹھ، پاک کالونی میں بھی منشیات بکتی ہے، منگھوپیر پختون آباد، عزیز بھٹی شانتی نگر، ڈالمیا میں کالو کرنٹ کا اڈا، عیسیٰ نگری اور سبزی منڈی کے قریب مینا کا اڈا، کورنگی زمان ٹاؤن، کالا پل، ریلوے کالونی میں بھی منشیات کا دھندا چل رہا ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق بلوچ کالونی جونیجو ٹاؤن، اعظم بستی، ملیر کینٹ زکریا گوٹھ، گلشن معمار، سائٹ سپر ہائی وے پر دوست محمد جنجال گوٹھ، مچھر کالونی، قصبہ کالونی، اتحاد ٹاؤن میں شرافی گوٹھ خلد آباد، ملیر سعود آباد، مومن آباد، الآصف اسکوائر، لاسی گوٹھ بھی منشیات کے گڑھ ہیں۔