ملکی معاشی صورتحال، بلاول بھٹو حکومت پر برس پڑے

ملکی معاشی صورتحال، بلاول بھٹو حکومت پر برس پڑے
کیپشن: image by facebook

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے معاشی سونامی چھوڑ دیا ہے، غیر ذمہ دارانہ روئیے، جھوٹ سے ملک کا نقصان ہورہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات عوام کے لیے مشکلات پیدا کررہے ہیں، گیس کی قیمت میں 140 فیصد سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے حکومت کو چلانے کا یہ طریقہ کار نہیں ہوتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزرا غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، سی پیک پر بھی غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، سی پیک پر بھی غیر ذمہ دارانہ بیانات دئیے جارہے ہیں یہ کس قسم کا نیا پاکستان ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف، دو نہیں ایک پاکستان کے وعدے کہاں گئے، حکومت کی پالیسیوں سے سب سے زیادہ عوام متاثر ہورہے ہیں، خطرہ ہے پاکستان کو بلیک لسٹ نہ کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی مسائل کے حل کے لیے ن لیگ کے ساتھ کام کرسکتی ہے، اپوزیشن لیڈر ہو یا عام آدمی انصاف ہونا چاہئے، ضمنی الیکشن سے پہلے اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرنے کا خراب پیغام جاتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے خلاف اقدامات غیر جمہوری ہوں گے، این ایف سی ایوارڈ کے خلاف اقدامات سے وفاق کو نقصان پہنچے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان کو تھر میں خوش آمدید کہتے ہیں، تھر میں ہم نے پانچ سالوں میں جو کام کیا وہ چیف جسٹس کو نظر آئے گا، تھر کو 20 سال تک ایڈوانس کیا ہے۔