مولانا فضل الرحمان نے حکومت کیخلاف آزادی مارچ کو قومی تحریک قرار دےدیا

مولانا فضل الرحمان نے حکومت کیخلاف آزادی مارچ کو قومی تحریک قرار دےدیا
کیپشن: Image Source: File Photo

چنیوٹ: مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کیخلاف آزادی مارچ قومی سطح کی تحریک ہے۔ متحدہ اپوزیشن کے علاوہ  حکومتی جماعتیں بھی ہمارے ساتھ ہیں ۔

 

تفصیلات کے مطابق ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان  نے چنیوٹ میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ ساری دنیا کی کرپشن  ایک طرف اور پی ٹی آئی کرپشن  ایک طرف ہے،  70 سال میں اتنا  قرضہ  نہیں لیا گیا جتنا موجودہ حکومت  لیا ہے ۔

 

مولانا نے کہا کہ حکومت نے پہلے سیاسی مخالفین پر مقدمات درج کئے،  احتسابی عمل کے ذریعے معاشی ناکامی سے توجہ ہٹائی۔  سارا ملک بحران سے گزر رہا ہے۔ پہلے مرغیاں، پھر کٹے اور اب لنگر خانے چلائے جا رہے ہیں۔ یہ حکومت ناکام ہی نہیں ناجائز بھی ہے۔

 

مولانا فضل الرحمان  نے کہا کہ حکومت کشمیر کے نام پر بھی معاشی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ پارٹی فنڈنگ کیس میں پورا ٹبر ہی چور نکلا۔ عوام کی بدحالی کی ذمہ دار حکومت کو ختم ہو جانا چاہیے۔

 

اپنے خطاب میں جے یو آئی سربراہ نے  کہا کہ  آزادی مارچ میں ملک کے عوام کونے کونے سے نکلیں گے۔27 اکتوبر کو مارچ کا آغاز کرنا ہے اور 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں داخل ہونگے۔

 

انہوں نے کہا کہ  تمام مدارس پرامن ہیں، ہم پرامن شہری کی حیثیت سے اسلام آباد جائیں گے۔ تمام جماعتوں نے احتجاج پر اتفاق کیا، مارچ روکنے کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔