جوبائیڈن جیت بھی گئے تو زیادہ دیر حکومت نہیں کر سکیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

جوبائیڈن جیت بھی گئے تو زیادہ دیر حکومت نہیں کر سکیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بنایا ہے۔

ایک امریکی ٹیلی وژن کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انتخابات میں جو بائیڈن کے جیت جانے کی صورت میں وہ 3 ماہ سے زیادہ حکومت نہیں کر سکیں گے اور اس طرح ان کی نائب کملا ہیرس امریکہ کی صدر بن جائیں گی۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے سبب آئندہ انتخابات تاریخ کے سب سے زیادہ جعل سازی والے انتخابات میں سے ایک ہوں گے۔ٹرمپ کے انٹرویو سے چند گھنٹے قبل جوبائیڈن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ انتخابات کے اختتام کے بعد سپریم کورٹ میں نشستوں میں توسیع کے حوالے سے اپنا موقف سامنے لائیں گے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے ہیرا پھیری کی کوشش کی تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔ ایک ریڈیو پروگرام میں امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو معلوم ہے اور انہیں یہ سمجھ لینا چاہیےکہ اگرانہوں نے ہمارے ساتھ بگاڑنے کی کوشش کی اور کچھ غلط کرنے کی کوشش کی تو ہم تمہارا ایسا حال کریں گے جو اس سے پہلے کسی نے نہیں کیا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایران ہمارے ساتھ گڑبڑ کرتا ہے، اگر یہ ہمارے ساتھ کوئی برا سلوک کرتا ہے تو ہم ایران کو ایسا جواب دیں گے جو اس سے قبل ایران کو کسی نے نہیں دیا ہوگا۔ اگر میں جیت جاتا ہوں تو ایک ماہ کے اندر ہمارے ساتھ ایران کا ایک بڑا معاہدہ ہوجائے گا۔ایرانی جانتے ہیں کہ اگر وہ ہمارے خلاف کچھ کرتے ہیں تو وہ اس کی قیمت ہزار گنا زیادہ ادا کر دیں گے۔

یاد رہےکہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں ٹرمپ کے دور حکومت میں اضافہ ہوا ہے اور اگر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر امریکہ کے وزیر اعظم بن جاتے ہیں تو قرین قیاس ہے کہ اس کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔