امریکہ صدر ٹرمپ وائٹ ہائوس میں بغیرماسک نمودار ہوگئے

امریکہ صدر ٹرمپ وائٹ ہائوس میں بغیرماسک نمودار ہوگئے

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا کا شکار ہونے کے بعد پہلی مرتبہ عوام میں بغیر ماسک نمودار ہوئے ۔

انہوں نے وائٹ ہائوس کی بالکونی سے جنوبی لان میں جمع اپنے سیکڑوں حامیوں کو مخاطب کیا ہے اور کہا ہے کہ میں نمایاں بہتری محسوس کررہا ہوں۔


غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں  نے اپنی مختصر تقریر میں کہاکہ میں آپ سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری قوم اس خوف ناک چائنہ وائرس کو شکست سے دوچار کرنے والی ہے۔


امریکی صدر نے ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کو چائنہ وائرس قرار دیا ہے۔وائٹ ہائوس میں اکٹھے ہونے والے صدر ٹرمپ کے سیکڑوں حامیوں میں سے قریباً نصف نے ماسک پہن رکھے تھے اور نصف اس کے بغیر تھے لیکن انہوں  نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے بہت کم سماجی فاصلہ اختیار کررکھا تھا۔


صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں کہا کہ یہ وائرس معدوم ہونے جارہا ہے، یہ ختم ہورہا ہے۔اس مہلک وائرس کے نتیجے میں 210000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔


اس وبا نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی کارکردگی پر بعض سوالیہ نشان لگا دیے ہیں اور 3 نومبر کو امریکہ میں منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ان کی مہم پر بھی انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔