اپوزیشن جماعتوں کے مالی گوشواروں کا ریکارڈ، پی ٹی آئی کو رسائی مل گئی  

The record of financial statements of the opposition parties, PTI got access
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تحریک انصاف کو اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے مالی گوشواروں کے ریکارڈ چیک کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

خیال رہے کہ وزیر مملکت فرخ حبیب نے اپوزیشن جماعتوں کے مالی ریکارڈ چیک کرنے کیلئے درخواست دی تھی جسے آج الیکشن کمیشن کی جانب سے منظور کر لیا گیا ہے۔

درخواست کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ آج مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے موقف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، یہ دونوں جماعتیں اپنے ہی گڑھے میں گری ہیں، ان کے پاس اپنے مالی گوشواروں کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق پیپلزپارٹی کے 7، ن لیگ کے 12 اکاؤنٹ ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں، پی ٹی آئی نے پارٹی فنڈز کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں جو حقائق قوم سے چھپا رہی تھیں، ہم انھیں سامنے لائیں گے، انھیں بھاگنے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا جائے گا۔ ہمارے ماہرین معاشیات پی پی پی اور مسلم لیگ ن کے تمام اکائونٹس کا جائزہ لیں گے، اس کے بعد انھیں سکروٹنی کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو اب پتا چلے گا کہ ان کی جماعت کے کتنے فیک اکائونٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے بینک اکاؤنٹس تو منی لانڈرنگ کیلئے بھی استعمال کئے گئے، یہ حقائق اب عوام کے سامنے رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں چار سال سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات دینے سے بھاگ رہی تھیں کیونکہ یہ دونوں جماعتوں نے ہمیشہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھا۔