امریکا اور برطانیہ نے کابل میں مقیم شہریوں کو تھریٹ الرٹ جاری کردیا

امریکا اور برطانیہ نے کابل میں مقیم شہریوں کو تھریٹ الرٹ جاری کردیا

واشنگٹن: امریکا اور برطانیہ نے کابل میں مقیم اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی تاکید کردی ہے ۔دونوں ملکوں نے اپنے شہریوں کو ہوٹل چھوڑنے کی ہدایت کی ہے ۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا اور برطانیہ کی جانب سے اپنے شہریوں کو کابل کے ہوٹلوں میں قیام سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

امریکا اور برطانیہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے شہری خاص طورپر سرینا ہوٹل کے قریب سے بھی نہ گذریں ۔

امریکا کی طرف سے یہ سیکورٹی تھریٹ  11 اکتوبر کو جاری گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ  سکیورٹی خطرات کی بنا پر کابل میں موجود امریکی شہری شہر کے لگژری ہوٹلوں کی طرف جانے سے گریز کریں جب کہ ایسے تمام امریکی شہری جو سرینا ہوٹل کے ارد گرد موجود ہیں وہ خاص طور پر اس علاقے کو چھوڑدیں۔امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو سرینا ہوٹل کے ارد گرد کے علاقے میں سفر کرنے سے بھی گریز کی ہدایت کی ہے۔

دوسری طرف برطانیہ کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہےکہ بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر برطانوی شہری ہوٹل میں قیام نہ کریں اور خاص طور پر کابل کے ہوٹلوں میں قیام سے گریز کیا جائے۔

برطانوی الرٹ میں بھی اپنے شہریوں کو سرینا ہوٹل میں قیام کرنے سے خاص طور پر گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہےکہ امریکا اور برطانیہ کی جانب سے الرٹ جمعہ کے روز قندوز کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کے بعد جاری کیا گیا، اس دھماکے میں 40 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔