حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام رہی، جہانگیر ترین

حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام رہی، جہانگیر ترین
کیپشن: حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام رہی، جہانگیر ترین
سورس: فائل فوٹو

کہروڑ پکا: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا حکومت مہنگائی کنٹرول نہیں کر سکی اس سے عوام کو بہت تکلیف ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ احمد محمود میرے برادر نسبتی ہیں اور ان کے ساتھ ملاقات یا سفر کوئی مسئلہ نہیں۔ مہنگائی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھاکہ حکومت مہنگائی کنٹرول نہیں کرسکی اس سے عوام کو بہت تکلیف ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو سارے کام چھوڑ کر مہنگائی کنٹرول کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جبکہ مہنگائی سپلائی اور ڈیمانڈ سے کنٹرول ہوتی ہے لیکن بروقت برآمدات کے اہم فیصلے ہو جاتے تو چینی اور گندم سمیت دیگر مسائل نہ ہوتے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ کوشش ہے لودھراں میں ترقیاتی کام ہوں اور فنڈز پنجاب حکومت نے دینے ہیں جبکہ تحریک انصاف میری جماعت ہے ہم سب تحریک انصاف میں ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل شیخ محمد اسلم نے ن لیگ چھوڑ کر ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ شیخ اسلم کا کہنا تھا کہ شہید کانجو گروپ سے 40 سالہ سیاسی رفاقت ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں اور جہانگیر خان ترین کی قیادت میں اپنا سیاسی سفر جاری رکھوں گا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ شیخ محمد اسلم کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتاہوں۔ شیخ اسلم کی شمولیت سے پارٹی کہروڑپکا میں مضبوط ہو گی۔ کہروڑ پکا خستہ حال ہو چکاہے اور ملکر اسکو خوشحال بنائیں گے جبکہ لودھراں کی طرح کہروڑ پکا کے لئے فنڈز کی پوری کوشش کرینگے۔