ٹی 20 ورلڈکپ کے تمام میچز کے مزید ٹکٹس فروخت کیلئے پیش کر دئیے گئے

ٹی 20 ورلڈکپ کے تمام میچز کے مزید ٹکٹس فروخت کیلئے پیش کر دئیے گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں رواں مہینے 17 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے مزید ٹکٹس فروخت کیلئے پیش کر دئیے ہیں۔ 
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے میچز سٹیڈیم میں جا کر دیکھنے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری ہے کہ آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے مزید ٹکٹس  آج سے فروخت کیلئے پیش کر دئیے ہیں اور شائقین کیلئے پاک، بھارت سمیت تمام میچز کے مزید ٹکٹس دستیاب ہوں گے ۔

آئی سی سی نے مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ کیلئے 70 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم داخلے کی اجازت دے رکھی ہے اور میچ وینیوز پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔  ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹکٹس کی فروخت گزشتہ ہفتے شرع کی گئی تھی لیکن دیکھتے ہی دیکھتے تمام ٹکٹس فروخت ہو گئے تھے، خاص طور پر پاک، بھارت میچز کی ٹکٹس ایک گھنٹے میں فروخت ہو گئی تھیں۔ 
آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں شریک 16 ممالک کی ٹیموں کے مداحوں کی بڑی تعداد یو اے ای اور عمان میں ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم ٹورنامنٹ کے تمام میچز کے مزید ٹکٹس فروخت کیلئے پیش کرنے پر بے حد خوش ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وینیوز کے انتخاب کیلئے ٹورنامنٹ کے میزبان اور پارٹنرز کیساتھ مل کر کام کیا ہے تاکہ سٹیڈیم میں زیادہ سے زیادہ تماشائیوں کی موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ یو اے ای اور عمان میں غیر ملکی افراد کی موجودگی کا مطلب ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیمیں ہوم گراﺅنڈ جیسا ماحول حاصل کر سکیں گی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹس کے ٹکٹوں کے حصول کیلئے مداح ہمیشہ پرجوش رہے ہیں، اس لئے میری درخواست ہے کہ وہ صبر سے کام لیں، ہم میچز کے دوران سٹیڈیم میں انہیں خوش آمدید کہنے پر منتظر ہیں اور اپیل کرتے ہیں کہ اس موقع پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔