پی ایس ایل فرنچائزز اور پی سی بی کے درمیان مالیاتی معاملات طے پا گئے

پی ایس ایل فرنچائزز اور پی سی بی کے درمیان مالیاتی معاملات طے پا گئے
کیپشن: پی ایس ایل فرنچائزز اور پی سی بی کے درمیان مالیاتی معاملات طے پا گئے
سورس: فائل فوٹو

لاہور: شائقین کرکٹ کے لئے خوشخبری، پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) اور پی ایس ایل فرنچائزز کے درمیان مالیاتی ماڈل پر معاملات طے پا گئے ہیں۔

 پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز کو اب آمدن سے اضافی حصہ ملے گا تاہم گیارہویں ایڈیشن سے مالکانہ حقوق برقرار رکھنے کیلئے اضافی فیس دینا ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک اعلامیے میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز نے گزشتہ ماہ گورننگ کونسل میں پیش کردہ پی سی بی کی پیشکش کو قبول کر لیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کے بعد فرنچائزز کو اگلے ایڈیشن سے سینٹرل پول سے 85 کی بجائے 95 فیصد شیئر ملے گا جبکہ پانچویں اور چھٹے ایڈیشن میں کووڈ ریلیف کے طور پر اضافی 98،98 فیصد شیئر دیا جائے گا۔  تاہم گیارہویں ایڈیشن سے موجودہ فرنچائزز کو قیمت کے اوپر 25 فیصد اضافی فیس دینا ہوگی۔ 

پی ایس ایل فرنچائزز کی خواہش تھی کی اس شق کو ختم کیا جائے تاہم پی سی بی اپنے مؤقف پر قائم رہا۔ اس کے علاوہ ڈالر کا ریٹ فکس کرنے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے یہ ریٹ آج کی تاریخ کے مطابق یعنی 171 روپے فی ڈالر پر فکسڈ ہو گا۔

پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ بورڈ اور فرنچائزز کے درمیان حل طلب معاملات کی وجہ سے برانڈ متاثر ہو رہا تھا لیکن خوشی ہے کہ یہ معاملات اب حل ہوگئے۔

فرنچائز مالکان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ پی ایس ایل کو ایک بہترین برانڈ بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور پی سی بی کی پیشکش کو قبول کرنا اس امر کی مزید تصدیق کرتا ہے۔