عمر اکمل نے مکی آرتھر پر غلط الزامات لگانے کا اعتراف کر لیا

عمر اکمل نے مکی آرتھر پر غلط الزامات لگانے کا اعتراف کر لیا

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ دوسرے شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا جس میں انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے۔ عمر اکمل نے اپنے جواب میں کہا کہ مکی آرتھر پر الزامات کا معاملہ غیر ارادی طور پر رونما ہوا اور وہ پی سی بی کے ضابطہ اخلاق سے واقف نہیں تھے۔ یاد رہے کہ 17 اگست کو عمر اکمل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر الزامات لگائے تھے کہ مکی آرتھر نے ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی اور گالیاں دیں۔

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر نے کہا کہ آپ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں داخل ہونے کی اجازت کس نے دی ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آپ جا کر کلب کرکٹ کھیلیں۔ عمر اکمل کے مطابق ایک قومی کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے اپنی فارم اور فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے این سی اے کا استعمال ان کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مداح مجھے کہتے ہیں کہ اپنی فٹنس ٹھیک کریں اور میں فٹنس ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہا ہوں تو یہ مجھے کرنے نہیں دیتے اور مجھ سے ہر چیز چھین رہے ہیں۔ اکیڈمیاں اپنی خامیوں کو ٹھیک کرنے کے لیے ہوتی ہیں۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عمر اکمل نے مکی آرتھر سے الجھنے اور الزامات عائد کرنے کی وجہ ذہنی دباؤ قرار دیا ہے جبکہ مستقبل میں ایسی غلطی نہ دہرانے کا وعدہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عمر اکمل نے شوکاز نوٹس کے جواب میں پی سی بی کے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے پی سی بی سے وعدہ کیا ہے کہ وہ دوبارہ ایسی غلطی نہیں دہرائیں گے۔

بیٹسمین کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا میں جا کر مکی آرتھر پر الزامات نہیں لگانا چاہتے تھے۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ عمر اکمل اپنے سسر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے سمجھانے پر غلطی تسلیم کرنے پر رضامند ہوئے ہیں تاکہ کیرئیر بچایا جا سکے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں