جاپان کے تعاون سے بھارت میں پہلی بلٹ ٹرین کا افتتاح جمعرات کو ہوگا

جاپان کے تعاون سے بھارت میں پہلی بلٹ ٹرین کا افتتاح جمعرات کو ہوگا

احمد آباد :آج بھارت کو تاریخ کی بڑی کامیابی مل گئی،بھارتی اور جاپانی وزرائے اعظم جمعرات کو مغربی ریاست گجرات میں بھارت کی پہلی بلٹ ٹرین کے منصوبے پر کام کا افتتاح کریں گے۔ جاپانی تعاون سے یہ منصوبہ دسمبر 2023ءتک مکمل ہو گا اور اس پر 19 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق اس جنوبی ایشیائی ملک میں بلٹ ٹرین کے اولین منصوبے کے ذریعے ملکی مالیاتی مرکز ممبئی کو گجرات کے دارالحکومت احمد آباد سے جوڑ دیا جائے گا۔

احمد آباد میں گجرات کی ریاستی حکومت کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ منصوبہ دسمبر 2023ءتک مکمل ہو گا، اس پر 19 ارب ڈالر کے برابر لاگت آئے گی اور ان رقوم میں سے 85 فیصد جاپان کی طرف سے بھارت کو نرم قرضوں کی صورت میں مہیا کی جائیں گی۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ممبئی سے احمد آباد جاتے ہوئے ریل گاڑی کے ذریعے یہ فاصلہ اب تک قریب آٹھ گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔ ان دونوں شہروں کے بلٹ ٹرین کے ذریعے جوڑ دیے جانے کے بعد یہی مسافت زیادہ سے زیادہ تین سے لے کر ساڑھے تین گھنٹوں میں طے کی جا سکے گی۔

اس کا مطلب یہ کہ بلٹ ٹرین کے ذریعے ممبئی اور احمد آباد کے درمیان سفر اب تک کے مقابلے میں لازمی طور پر نصف سے بھی کم وقت میں کیا جا سکے گا۔