شام کے 11 ہزار خالی پاسپورٹ داعش کے ہاتھوں میں چلے گئے: جرمنی

شام کے 11 ہزار خالی پاسپورٹ داعش کے ہاتھوں میں چلے گئے: جرمنی

فرینکفرٹ :جرمنی کے اخبارنے بتایا ہے کہ برلن حکام یہ سمجھتے ہیں کہ داعش تنظیم نے 11 ہزار سے زیادہ خالی شامی پاسپورٹس پر قبضہ کر لیا ہے۔اخبار نے وفاقی پولیس اور وزارت داخلہ کے خفیہ دستاویزات کے حوالے سے بتایا کہ تحقیق کاروں نے شام میں حکام کی جانب سے چھاپے جانے والے خالی پاسپورٹس کے نمبروں کی فہرست تیار کی ہے۔

یہ پاسپورٹ اصلی دستاویز کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان میں کوئی بھی شخص اپنی ذاتی تفصیلات پر کر سکتا ہے۔جرمنی کے سکیورٹی اداروں کا کہنا تھاکہ شامی حکومت کے دفاتر سے 18 ہزار پاسپورٹ چوری ہوئے جن میں کئی ہزار داعش تنظیم کے علاوہ سیگر گروپوں کے ہاتھوں میں چلے گئے۔

وفاقی پولیس کی ترجمان نے اخبار کو بتایا کہ دہشت گرد تنظیمیں اس موقع سے فائدہ اٹھا کر ممکنہ حملہ آوروں یا اپنے حامیوں کو یورپ جرمنی میں داخل کرانے کی کوشش کر رہی ہیں جو پکڑ میں نہیں آ سکتے۔مذکورہ جرمن اخبار نے جن دستاویزات سے آگاہی حاصل کی ہے ان کے مطابق 2016 میں جرمن امیگریشن حکام کی چھان بین اور تحقیق پر 8625 پاسپورٹ جعلی نکلے۔