اگر سیریز کامیابی رہی تو ہماری ٹیم پاکستان کا دورہ کرنیوالی پہلی ٹیم ہو گی، گریم سمتھ

اگر سیریز کامیابی رہی تو ہماری ٹیم پاکستان کا دورہ کرنیوالی پہلی ٹیم ہو گی، گریم سمتھ

لاہور :پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے ساتھ ہی سابق جنوبی افریقی کپتان گریم سمتھ نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنا دی ، ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ سیریز کامیابی ہوئی تو مجھے کوئی شک نہیں کہ ہماری ٹیم پاکستان کا باقاعدہ دورہ کرنے والی سب سے پہلی ٹیم ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے گریم سمتھ کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرنا فاف ڈوپلیسی کیلئے بہت شاندار بات ہے۔ میں نے پاکستان کے 4 سے 5 دورے کئے ہیں اور وہاں کرکٹ کھیلنے میں بہت لطف آتا ہے اور میں یہ بھی جانتا ہوں کہ اپنی ہوم سیریز بھی کسی دوسرے ملک کے میدان پر کھیلنا کیسا لگتا ہے اور یہ بہت ہی مشکل ہوتا ہے لیکن اب پاکستانی شائقین کرکٹ اپنے اور غیر ملکی کرکٹ ہیروز کو ملک کے میدانوں میں کھیلتا دیکھیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر سب کچھ ٹھیک ہوا اور یہ سیریز کامیاب رہی تو اس سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آ جائے گی اور مجھے کوئی شک نہیں کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کا باقاعدہ دورہ کرنے والی ابتدائی ٹیموں میں سے ایک ہو گی۔