ایران افغانستان میں طالبان کی مدد کررہا ہے، افغانستان کا نیا الزام

ایران افغانستان میں طالبان کی مدد کررہا ہے، افغانستان کا نیا الزام

کابل :افغان فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد شریف یافتالی نے کہا ہے کہ ایران افغانستان میں بالخصوص مغربی علاقوں میں تحریکِ طالبان کو عسکری ساز و سامان اور دیگر نوعیت کی سپورٹ پیش کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یافتالی نے کہاکہ امریکی اور افغان ذمے داران یہ سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں عدم استحکام کے لیے ایران خاموشی کے ساتھ اپنی خفیہ کوششوں کو بڑھا رہا ہے تا کہ امریکا کو طویل جنگ میں ملوث رکھ سکے۔جنرل یافتالی کا کہنا تھا کہ افغان وزارت داخلہ کو ملک کے مغرب میں ایسی دستاویزات ملی ہیں جو تحریک طالبان کے لیے ایرانی عسکری سپورٹ کی تصدیق کرتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ وہ مذاکرات ، مفاہمت اور اقدامات کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ماضی میں بھی بعض افغان ذمے داران بالخصوص افغان پولیس افسران اسی سے ملتے جلتے شواہد پیش کر چکے ہیں تاہم وزارت دفاع کے بعض ذمے داران نے اس کی تردید کر دی۔