سام سنگ گلیکسی نوٹ 8 نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

سام سنگ گلیکسی نوٹ 8 نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

سیئول: مایہ ناز جنوبی کورئین کمپنی سام سنگ نے چند روز قبل اپنے اب تک کے سب سے مہنگے اور شاندار سمارٹ فون ”گلیکسی نوٹ 8 “ کی پری بگنگ شروع کر دی تھی۔ جس کے بارے میں انکشاف سامنے آیا ہے کہ اس فون نے مارکیٹ میں دستیاب ہونے سے قبل ہی فروخت کے نئے ریکارڈز قائم کردیئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سام سنگ گلیکسی نوٹ 8 کی قیمت پاکستان کرنسی کے مطابق ایک لاکھ 8 ہزار روپے سے زائدہے۔ لیکن خریداروں نے اس قیمت کے باوجود بھی اس فون کو حاصل کرنے کیلئے کوشیں شروع کر دی ہیں۔ سام سنگ نے انکشاف کیا ہے کہ گلیکسی نوٹ ایٹ کے پری آرڈرز ماضی کے کسی بھی نوٹ فون کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹریاں پھٹنے کا مسئلہ بھی کمپنی کی ساکھ کو متاثر نہیں کرسکا۔صرف بھارت میں ہی اس فون کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کراچکے ہیں جبکہ امریکا میں بھی اس نے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔سام سنگ نے دنیا بھر میں اس فون کے پری آرڈرز کے اعدادوشمار تو جاری نہیں کیے مگر اس کے مطابق صرف امریکا میں ہی اتنے لوگوں نے گلیکسی نوٹ ایٹ کو خریدا ہے جو اس سے قبل سے کسی بھی فون کے لیے دیکھنے میں نہیں آیا۔واضح رہے کہ یہ فون 15 ستمبر کو باضابطہ طور پر فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جسے لوگ پاکستان میں بھی پری آرڈر پر بک کروا سکتے ہیں۔