سندھ ہائیکورٹ کا سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ کا سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم
کیپشن: عدالت نے فیصلے میں سندھ حکومت دو ہفتے میں عملدر آمد کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا حکم دیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس کے کے آغا پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سانحہ 12 مئی 2017 سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے تحقیقات کے لیے جوڈیشل ٹریبونل بھی بنانے کا حکم دیا۔

عدالت نے فیصلے میں سندھ حکومت دو ہفتے میں عملدر آمد کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جب کہ عدالت نے اے کلاس کے تحت ختم کیے گئے 65 مقدمات دوبارہ کھولنے کا بھی حکم دیا۔

دو رکنی بینچ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے ان مقدمات کی مانیٹرنگ کے لیے جج بھی مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ 12 مئی کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے 12 مئی 2018 کو ہائیکورٹ کو تین ماہ میں مقدمہ نمٹانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد عدالت نے فریقین کے وکلا سمیت عدالتی معاونین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار اقبال کاظمی نے تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کی استدعا کی جب کہ وفاق اور عدالتی معاونین نے بھی کمیشن بنانے کے حق میں دلائل دیے تاہم سندھ حکومت نے عدالتی کمیشن بنانے کی مخالفت کی تھی۔