سعودی عرب میں ٹریفک جرمانوں کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ کر دیاگیا

سعودی عرب میں ٹریفک جرمانوں کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ کر دیاگیا

جدہ: سعودی کابینہ نے ٹریفک خلا ف ورزیوں سے متعلق قوانین کو از سرنومرتب کرنے کی منظوری دی تھی جس پر عمل کرتے ہوئے محکمہ ٹریفک پولیس نے نئے قوانین جاری کر دیئے ۔

جاری کئے گئے قوانین میں چند خلاف ورزیوں پر چالان کی رقم بڑھا ئی گئی ہے ۔ 5 خلاف ورزیوں پر چالان کی رقم 10 ہزار ریال تک کر دی گئی ہیں جبکہ اوور اسپیڈ پر چالان کی انتہائی رقم 2 ہزار ریال کر دی گئی ہے ۔ المدینہ اخبار نے خلا ف ورزیو ں کی مزید تفصیلات جاری کی ہیں جس کے مطابق خلاف ورزیوں کو 8 کیٹگریز میں تقسیم کیا ہے ۔ پہلی کیٹگری میں چالان کی رقم 100 سے 150ریال تک ہو گی ۔ مذکورہ چالان جن خلاف ورزیوں پر لاگو ہو گا ان میں مارکیٹ کے ان مقامات پر گاڑی چلانا جہاں گاڑی چلانا منع ہے ، گاڑی کو اسٹارٹ چھوڑ دینا ، گاڑی کی انشورنس نہ ہونا ، غلط پارکنگ کرنا ، مخصوص ٹریک پر نہ چلنا ۔

دوسری کیٹیگری کے لئے چالان کی رقم 150 سے 300 ریال مقرر کی گئی ہے جس میں دائیں بائیں مڑتے وقت اشارہ نہ دینا اور بغیر اشارہ دیئے ٹریک تبدیل کرنا ، شاہراہ عام پر 20 میٹر سے زائد مسافت تک ریورس میں گاڑی چلانا ، سائیکل یا موٹر سائیکل سوار کا کسی گاڑی کا سہارا لیتے چلنا ، ڈرائیونگ لائسنس اور استعمارہ نہ ہونا، بلاوجہ ہارن کا استعمال کرنا، سیٹ بیلٹ کی خلا ف ورزی، روڈ سیفٹی رول کی خلاف ورزی، گاڑی کے اندر ایسی چیزیں رکھنا جس سے باہر دیکھنے میں رکاوٹ ہو، دو گاڑیوں کے درمیان مسافت کم رکھنا، حادثہ کے موقع پر ہجوم لگانا یا کھڑے ہونا۔ گاڑی کو یکدم اسپیڈ سے اٹھانا جس سے ٹائروں سے آواز پیدا ہو۔ گاڑی میں مطلوبہ حفاظتی اشیاء موجود نہ ہونا۔

جرمانوں کی فہرست میں تیسری کیٹیگری میں چالان کی رقم 300 سے 500 ریال مقرر کی گئی ہے جس کے مطابق شاہراہوں پر ہنگامی حالت میں گاڑی پارک کرنے پر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنا، گاڑی سے چیزوں کا باہر پھینکنا ، انتہائی سست رفتاری سے گاڑی چلانا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو، گاڑی چلاتے وقت دیگر امور میں مصروف ہونا، غیر ضروری طور پر اچانک بریک مارنا، روڈ کراسنگ پر متعلقہ قواعد کی خلاف ورزی کرنا، مقررہ ٹریک کیخلاف ورزی ، گاڑی میں غیر ضروری شور آلات کی تنصیب ، ڈیک اور تیز آواز میں موسیقی شامل ہے ، اسے لگانا جس سے دوسروں کو تکلیف اور جو اخلاق عامہ کے منافی ہوں۔ ایکسپائر ڈرائیورنگ لائسنس ، چھوٹے بچوں کیلئے مخصو ص سیٹ نہ لگانا، ڈھلوان سڑک پر گاڑی کھڑی کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنا، 10 سال سے کم عمر بچوں کو گاڑی میں تنہاءچھوڑ دینا شامل ہیں۔

قانون کی شق نمبر 4 میں جس کیلئے جرمانے کی مالیت 400 سے 900 ریال مقرر کی گئی ہے جس میں ہنگامی امداد کی گاڑیوں کے پیچھے تیزی سے اپنی گاڑی چلانا، ٹریفک لائٹ پر مکمل طور پر نہ رکنا، سیدھے ہاتھ سے آنے والی ٹریفک کو ترجیح نہ دینا، شارع عام سے آنے والی ٹریفک کو ترجیح نہ دینا ، ٹریفک کانسٹبل کے اشاروں کی پابندی نہ کرنا، را¶نڈ ابا¶ٹ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کو ترجیح نہ دیتے ہوئے غلط انداز میں ٹریک میں داخل ہونا، انڈرپاس میں بغیر لائٹ کے گاڑی چلانا، لوڈنگ گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ سامان رکھنا، غیر مخصوص مقامات سے مسافروں کو سوار کرنا، گاڑی پر غیر اخلاقی اشیاء لگانا یا متعلقہ اداروں سے اجازت لئے بغیر عبارت تحریر کرنا ، چالان کی پانچویں کیٹیگری میں جرمانے کی مالیت ایک ہزار سے 2 ہزار ریال مقرر کی گئی ہے۔

جس کے تحت لوڈنگ اور ہیوی ڈیوٹی گاڑیوں کا شہروں میں ممنوعہ اوقات میں داخل ہونا، چھوٹے لائسنس پر بڑی گاڑیاں چلانا یا اس کے برعکس ۔ ریلوے کراسنگ اور لائن پر گاڑی کا کھڑا کرنا، گاڑی میں مقررہ تعداد سے زائد افراد کو سوار کرنا، متعلقہ اہلکار کو دستاویزات نہ دکھانا، غیر واضح یا تلف شدہ نمبر پلیٹ کے ساتھ گاڑی چلانا، اگلی نمبر پلیٹ لگائے بغیر گاڑی چلانا، موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا، ڈرائیونگ لائسنس ضبط کئے جانے پر بغیر لائسنس پر گاڑی چلانا، سرکاری یا ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ نہ دینا، فٹ پاتھ پر یا روڈ سائیڈ پر جہاں گاڑی چلانا منع ہے وہاں گاڑی لے جانا، چلتی گاڑی سے اترنا یا چڑھنا، ہائی وے پر پیدل روڈ کراس کرنا، ممنوعہ مقامات سے گاڑی اوور ٹیک کرنا جہاں یہ نشان موجود ہو جن میں چڑھائی یا اترائی کی جگہیں شامل ہیں۔

ہیوی گاڑیوں پر سائیڈوں میں ریفلیکٹرز نہ لگانا، خراب موسم میں یا رات کے اوقات میں غیر معیاری ہیڈلائٹس کے ساتھ سفر کرنا جس سے راستہ صاف دکھائی نہ دے۔ نمبر پلیٹس کو مقررہ مقام پر نہ لگانا، اسکریچنگ کے مقامات پر جمع ہوجانا، مقررہ اداروں سے اجازت لئے بغیر گاڑی کی شکل میں تبدیلی کرنا ،ہیڈ لائٹس اور دیگر خراب لائٹوں کے ساتھ گاڑی چلانا۔ چالان کی کیٹیگری نمبر 6 میں جرمانوں کی مالیت 3 سے 6 ہزار ریال مقرر کی گئی ہے اس میں سرخ اشارے کی خلاف ورزی کرنا، اسکول بس کے سائیڈ سے تیز رفتاری سے گزرنا ،جب بچے اتر یا چڑھ رہے ہوں۔

ہائی وے پر نصب ٹریفک بورڈز اور ریفلیکٹرز کو خراب کرنا ، چیک پوائنٹ یا تفتیشی مرکز پر نہ رکنا، گاڑی میں غیر اخلاقی تحریر یا اسٹریکرز چسپاں کرنا، غلط سمت گاڑی چلانا، ہائی وے پر ریس لگانا، ہیوی ٹریفک کے مقررہ ٹریک کی خلاف ورزی کرنا، نجی گاڑیوں میں سائرن یا اس قسم کے دیگر آلات کی تنصیب ، جو ایمرجنسی اور سرکاری گاڑیوں کیلئے مخصوص ہیں۔ بغیر نمبر پلیٹوں کے گاڑی چلانا یا ان میں تبدیلی کرنا۔ چالان کی کیٹیگری نمبر 7 میں جرمانے کی مالیت 5 سے 10ریال مقرر کی گئی ہے جن میں ایسے افراد جو نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہے ہوں ۔