سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کر گئیں

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کر گئیں
کیپشن: فوٹو: فائل

لندن : سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال  کر گئیں۔انہیں آج انتہائی تشویشناک حالت کے باعث  دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا. خاندانی ذرائع نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے.

تفصیلات کے مطابق لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیر علاج سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت گزشتہ رات ایک مرتبہ پھر انتہائی تشویشناک ہوگئی تھی جس پر انہیں آج برطانوی وقت کے مطابق ساڑھے دس بجے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ ڈاکٹرز ان کی صحت کے حوالے سے کچھ نہیں بتا رہے تھے تاہم اب حسن نواز شریف نے تصدیق کی ہے کہ ان کی والدہ انتقال کر گئی ہیں۔

ہارلے سٹریٹ کلینک کے ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے پھیپھڑوں کا مسئلہ سنگین ہو گیا تھا جس کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ بیگم کلثوم نواز اس وقت لائف سپورٹ اور گردوں کے ڈائلسز پر جبکہ ان کے اہل خانہ نے صحت کی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے دعا کی اپیل کی تھی تاہم اب وہ ہم میں نہیں رہیں۔

بیگم کلثوم نواز 1950 میں ڈاکٹر محمد حفیظ کے گھر پیدا ہوئیں، وہ رستم زمان گاما پہلوان کی نواسی تھیں۔ اپریل 1971 میں ان کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے شادی ہوئی۔بیگم کلثوم نواز کو 3 مرتبہ خاتون اول رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ رکن قومی اسمبلی بھی رہیں۔