آج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 71واں یوم وفات منایا جارہا ہے

آج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 71واں یوم وفات منایا جارہا ہے

کراچی:بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 71 واں یوم وفات نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی کوششوں سے پاکستان معرض وجود آیا۔

قائد اعظم قیامِ پاکستان کے بعد 11 ستمبر 1948 کو اپنی وفات تک ملک کے پہلے گورنر جنرل رہے۔ 11 ستمبر ایک ایسے عظیم قائد کی یاد دلاتا ہے کہ جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا۔بانی پاکستان کے یوم وفات کے موقع پروزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعلی سندھ نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 71 ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلی سندھ اور گورنر سندھ کی آمد پر پاک بحریہ کے دستوں نے بینڈ بجا کر مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراءجام اکرام اللہ، سعید غنی، شبیر بجارانی، چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ بھی موجود تھے۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کشمیر کے مسئلے پر ہماری پوری قوم اکھٹی ہے اور رہے گی۔ مسئلہ کشمیر کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کشمیر پر بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں، کشمیر میں بھارتی مظالم کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔