نیب کا لاہور قرنطینہ مراکز میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا آغاز

نیب کا لاہور قرنطینہ مراکز میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا آغاز

لاہور : نیب لاہور نے قرنطینہ مراکز میں مبینہ کرپشن کی شکایات پر تحقیقات کا آغاز کردیا  ۔

قومی احتساب بیورو کے ذرائع نے بتایا  کہ مراکز میں ٹینڈرز، بڈنگ اور سامان کی خریداری میں کرپشن کی شکایات موصول ہوئی ہیں، تینوں مراکز پر پنجاب حکومت، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

 مذکورہ قرنطینہ مراکز کے ٹھیکوں میں من پسند افراد کو نوازنے کے شواہد بھی  ملے ہیں۔  نیب کو شکایات موصول ہوئی ہیں کہ قرنطینہ سینٹرز میں مہیا کی گئی اشیا مہنگے داموں خریدی گئیں۔

نیب کی جانب سے متعلقہ محکمے سے لکڑی کے کیبن، شیشے کے دروازے، لوہے کے بیڈز، بیڈ شیٹس کے تخمینے کا ریکارڈ مانگا گیا۔گدے، تکیے، کمبل، کرسیوں اور میزوں کی خریداری سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔

 کنوپیوں اور پنکھوں سمیت دیگر اشیا کی خریداری کی بھی تحقیقات کی جائیں گی   جبکہ  اشیا کی خریداری کے بعد کیے گئے آڈٹ  کی رپورٹس بھی مانگی گئی ہیں۔