قائداعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری

قائداعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری

کراچی: گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 74ویں برسی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی کا مزار قائد پر پہنچنے پر استقبال کیا اور پھر دونوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔ 
اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ بابائے قوم کی قائدانہ صلاحیت کے باعث ہم آزاد ملک میں زندگی گزار رہے ہیں، قائداعظم کے اس ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے۔ 
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے بھی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پرپیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمدعلی جناح کے فرمودات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ایمان، اتحاد، تنظیم کو اپناکر ملک کو درست سمت میں ڈال سکتے ہیں، قائداعظم کے اصولوں پرچل کرہی ہم پاکستان کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ آج اگرہم خود کو آزاد قوم کہلاتے ہیں تو اس کے پیچھے قائداعظم کی مدبرانہ سیاست ہے، بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح بااصول، انصاف پسند اور جرات مند مدبر تھے جبکہ تحمل، برداشت اور رواداری پرمبنی پرامن معاشرے کا قیام قائداعظم کاخواب تھا۔

مصنف کے بارے میں