ایشیاکپ جیت کر سیلاب زدگان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا چاہتے ہیں: شاداب خان

ایشیاکپ جیت کر سیلاب زدگان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا چاہتے ہیں: شاداب خان

دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ وطن سے دور رہتے ہوئے سیلاب کے مناظر دیکھ کر ہر کھلاڑی دکھی ہے اور ہم ایشیا کپ جیت کر سیلاب زدگان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا چاہتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف فائنل میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ بارشوں اور موسمیاتی تبدیلی کے سبب پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب چکا ہے جس پر ہر کھلاڑی دکھی ہے اور ہم یہ ٹورنامنٹ بھی سیلاب زدگان کے چہروں پر کچھ مسکراہٹیں بکھیرنے کیلئے جیتنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف شکست کے بعد بھی ہماری ٹیم پراعتماد تھی، میچ آخری اوور تک گیا تھا لیکن بھارت نے اچھی کرکٹ کھیلی، اس میچ کے بعد ہمیں کچھ روز آرام بھی مل گیا تھا لہٰذا تمام کھلاڑی پھر اکٹھے ہوئے اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کیخلاف میچ میں محمد رضوان نے عمدہ بیٹنگ کی جبکہ بھارت کے خلاف دوسرے میچ میں محمد نواز نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور افغانستان کے خلاف میچ میں پلیئر آف دی میچ تو میں ہی تھا مگر نسیم شاہ کے وہ 2 یادگار چھکے شاید ہی کبھی اب ہماری یادوں سے نکلیں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نائب کپتان نے کہا کہ بابر اعظم نے اس ٹیم کو بہت سی عادات سکھائی ہیں مگر میرے نزدیک ان کی جانب سے ٹیم میں ٹرانسفر کی جانے والی سب سے بڑی خصوصیت کھلاڑیوں میں کبھی ہمت نہ ہارنے والی سوچ کو ڈالنا ہے۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ بابراعظم نے میری اور محمد رضوان کی کچھ ذمہ داریاں لگائی ہوئی ہیں، اس میں گراؤنڈ اور گراؤنڈ کے باہر لڑکوں کواعتماد دینا، اچھی پرفارمنس پر ان کی تعریف کرنا اور جب ضرورت ہو تو سپورٹ کرنا شامل ہے، کرکٹ میں کپتان کا کردار بہت اہم ہے، میرا اور محمد رضوان کا کام کپتان پر کم سے کم بوجھ ڈالنا اور انہیں بہترین فیصلے کرنے کیلئے پرسکون رکھنا ہے۔

مصنف کے بارے میں