حکمران بے نقاب، عوام اصل مسلم لیگ میں آنا شروع ہو گئے: چودھری پرویزالٰہی

حکمران بے نقاب، عوام اصل مسلم لیگ میں آنا شروع ہو گئے: چودھری پرویزالٰہی

لاہور :  پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عوام اصلی مسلم لیگ میں آ رہے ہیں کیونکہ حکمران بے نقاب ہو چکے ہیں اور وہ عوام کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتے۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر ن لیگ چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہونے والے سرگرم سیاسی کارکنوں کے وفود سے ملاقات کر رہے تھے جنہوں نے لاہور کے حلقہ پی پی 155 کے طلحہ عثمان سدھو اور پی پی 159 کے محمد اکبر میو اور حبیب اللہ شاہین کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عامر سلطان چیمہ ایم پی اے بھی موجود تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام ہمارے خوشحالی کے دور کا موازنہ ان کے دور کی بربادی سے کر کے ہمارے والی جماعت میں شامل ہو رہے ہیں جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی اصل وارث ہے، جھوٹے وعدوں، کھوکھلے نعروں اور بے بنیاد دعوؤں سے ان حکمرانوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ گیا ہے اور وہ ان سے برملا نفرت کے اظہار کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ چودھری پرویزالٰہی نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آنا خوش آئند ہے، پرانے مسلم لیگیوں کو چاہئے کہ وہ پارٹی میں فعال کردار ادا کریں اور نئے آنے والوں کو ساتھ لے کر پارٹی کو زیادہ سے زیادہ مضبوط اور متحرک بنائیں۔ شامل ہونے والوں میں پی پی155 سے غلام حسین سدھو، چودھری اکبر علی، چودھری عمر سدھو، چودھری زبیر سدھو، چودھری ارشد سدھو، رانا شوکت، ذکاء اللہ ڈھلوں، محمود مسیح، مسلم باجوہ، وحید عالم، مقدس رندھاوا، رافع رندھاوا اور پی پی159 سے محمد اکبر میو، چودھری عمر خیام سدھو، چودھری محمد اقبال، محمد ریحان، رانا شاہ جہان و دیگر شامل تھے۔