2020 کی ساف فٹ بال چیمپئن شپ سمیت 3 ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

2020 کی ساف فٹ بال چیمپئن شپ سمیت 3 ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

اسلام آباد :ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن نے 2020 کی ساف چیمپئن شپ سمیت 3 ایونٹس کی میزبانی پاکستان فٹبال فیڈریشن کو دے دی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی فیفا سے معطلی ختم ہونے کے بعد ملک میں اب انٹرنیشنل فٹبال مقابلوں کی واپسی بھی شروع ہوگئی ہے  اور پاکستان کو ساف چیمپئن شپ سمیت 3 ایونٹس کی میزبانی مل گئی۔

پی ایف ایف ترجمان کے مطابق ڈھاکہ میں ہونیوالے ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن کے اجلاس میں پاکستان کو 2020 کی ساف چیمپئن شپ کی میزبانی دی گئی ہے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن آئندہ سال ساف انڈر 15 چیمپئن شپ اور 2021 میں ویمن انڈر 19 چیمپئن شپ کی بھی میزبانی کرے گا ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات نے 3 ایونٹس کی میزبانی ملنے کو فیڈریشن کی کامیابی قرار دیا ہے۔

دوسری جانب ساف انتخابات میں پاکستان کے خادم علی شاہ تنظیم کے نائب صدر منتخب ہوگئے ہیں۔