رمضان پیکج کیلئے 19 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی منظوری آج دی جائیگی

رمضان پیکج کیلئے 19 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی منظوری آج دی جائیگی
کیپشن: فوٹو فیس بک

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رمضان پیکج کے تحت 19 اشیاء ضروریہ پر 4 سے 50 روپے تک سبسڈی دینے کی سمری تیار کر لی۔

رمضان المبارک کے سلسلے میں یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب اشیاء کی قیمتوں پر چھوٹ دینے کے لئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

سمری کے مطابق رمضان المبارک میں یوٹیلٹی اسٹورز پر 19 اشیاء ضروریہ پر ایک ارب 73 کروڑ 30 لاکھ کی سبسڈی دینے کی تجویز ہے جس کے بعد چینی، آٹا، چاول، دال، گھی، تیل، بیسن، چائے اور خشک دودھ سمیت دیگر اشیا کم نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔رمضان پیکج کے لئے آٹے پر 4 روپے فی کلو، چینی پر 5 روپے سبسڈی دینے کی تجویز ہے جب کہ گھی پر فی لیٹر 15 اور آئل پر 10 روپے کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

دال چنا پر 20، دال مونگ پر 15، دال ماش اور مسور پر 10 ،10 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی تجاویز ہیں۔سفید چنے پر 25 روپے، بیسن پر فی کلو 20 روپے،کھجور پر 30، باسمتی چاول، سیلا اور ٹوٹا چاول پر 15،15 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی تجاویز ہیں۔اسی طرح مشروبات کی 1500 ملی لیٹر بوتل پر 15 روپے، 800 ملی لٹر بوتل پر 10 روپے جبکہ چائے پر 50 روپے اور خشک دودھ پر 15 روپے سبسڈی دینے کی تجاویز سمری کا حصہ ہیں۔