سانحہ ماڈل ٹاون، استغاثہ کیس میں 116 ملزمان پر فرد جرم عائد

سانحہ ماڈل ٹاون، استغاثہ کیس میں 116 ملزمان پر فرد جرم عائد

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت میں عوامی تحریک کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاون پر دائر استغاثہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈی آئی جی رانا عبدالجبار سمیت 116 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش نہ ہونے والے تمام ملزمان کو طلب کر لیا تاکہ فرد جرم عائد کرنے کا  عمل مکمل ہو سکے جس کے بعد استغاثہ کے گواہان کی شہادتیں ریکارڈ کی جائیں گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں:  اڈیالہ جیل کی صفائیاں پرویز مشرف کیلئے ہو رہی ہیں ، کیپٹن (ر) صفدر

آج ڈی آئی جی رانا عبدالجبار عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے ان کے وکیل کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر انھیں پیش کیا جائے۔

فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد عدالت میں موجود ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ استغاثہ عوامی تحریک کی جانب سے دائر کیا گیا جس میں میاں نواز شریف ، شہباز شریف سمیت 12 سیاسی شخصیات، پولیس افسران و اہلکاروں اور ضلعی حکومت کے عہدیداروں کو فریق بنایا گیا تاہم عدالت نے استغاثہ میں سے سیاسی شخصیات کے نام ختم کر دیے تھے۔

مزید پڑھیں:  'اڈیالہ جیل کی صفائی ہو رہی ہے، جلد ملک کے مجرم وہاں جائیں گے'


یاد رہے سانحہ ماڈل ٹاون پر کیس کے حوالے سے متاثرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی ملاقات کی تھی جس پر چیف جسٹس پاکستان نے معاملے کا از خود نوٹس لے رکھا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں