سیاسی سوالات پر چوہدری نثار پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے

سیاسی سوالات پر چوہدری نثار پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے

راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد خان نے سیاسی سوالات کی تکرار پر پریس کانفرنس ختم کر دی۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ہسپتال کا افتتاح کرنے کے بعد چوہدری نثار میڈیا سے گفتگو کرنے کیلئے آئے تو سیاست کی بجائے انہوں نے ترقیاتی کاموں پر بات کی اور کہا کہ سب سے زیادہ گورننس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اپنے حلقے میں بہت ترقیاتی کام کرائے۔ 2 سال کی مدت میں 100 بیڈز کا ہسپتال تعمیر کروایا۔ تحصیل پنڈی میں کوئی ہسپتال نہیں تھا، روات کے مقام پر ہسپتال بنوایا، اپنے دور اقتدار میں لڑکے اور لڑکیوں کے کالجز اور سکولوں کی منظوری دلوائی۔

صحافیوں کی جانب سے چوہدری نثار سے سیاسی سوالات کیے گئے جس پر انہوں نے کہا کہ سیاسی باتیں تو کرتا رہتا ہوں، آج ترقیاتی کاموں پر بات ہو تو صحیح ہوگا۔ چوہدری نثار کے بارہا منع کرنے کے باوجود ان پر سیاسی سوالات کی بوچھاڑ کی گئی تو وہ ناراض ہو کر پریس کانفرنس ہی چھوڑ کر چلے گئے۔