تحریک لبیک کا احتجاج مختلف شہروں میں پھیل گیا، سڑکیں بلاک، ہزاروں شہری پھنس گئے

تحریک لبیک کا احتجاج مختلف شہروں میں پھیل گیا، سڑکیں بلاک، ہزاروں شہری پھنس گئے

لاہور: حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد تحریک لبیک کا احتجاجی دھرنا پنجاب کے مختلف شہروں میں پھیل گیا، لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند، سڑکیں بلاک ہونے سے ہزاروں شہری پھنس گئے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد تحریک لبیک کا احتجاج پنجاب کے مختلف شہروں میں پھیل گیا۔ کارکنوں کی جانب سے شہر کے داخلی اور خارجی راستے بلاک اور معروف شاہراوں کو بند کرنے کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاہور میں میٹرو بس سروس معطل ہو چکی ہے جبکہ شاہدرہ کے قریب ٹرینوں کی آمدورفت بھی بند ہو چکی ہے۔ شیخوپورہ میں بھی کارکنوں نے سڑکوں پر نکلتے ہوئے مرکزی شاہراہ بند کر دی ہے، ٹیکسلا چوک پر بھی شروع ہونے والے دھرنے کی وجہ سے حسن ابدال، واہ کینٹ تا ٹیکسلا جی ٹی روڈ بلاک ہو چکی ہے، گجرانوالہ، گجرات، جہلم، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال،ملتان، رحیم یار خان سمیت دیگر شہروں میں بھی تحریک لبیک کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

علامہ خادم حسین رضوی نے دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام جو بھی قربانی مانگے گا ہم دینے کے لئے تیار ہیں، جب تک معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہو جاتا دھرنے جاری رہیں گے، ہمارا احتجاج پُرامن ہو گا لیکن اگر کسی نے ہمیں بلا وجہ چھیڑا تو ہماری گردنیں بھی حاضر ہوں گی۔

پیر محمد افضل قادری کا کہنا تھا کہ کسی افواہ پر کان نہ دھریں، کوئی بھی کہے کہ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اس بات کو نہیں ماننا، جب تک علامہ خادم رضوی یا میں خود اعلان نہ کروں آپ تمام نے سڑکوں پر رہنا ہے اور اپنی تعداد کو بڑھاتے جانا ہے حتی کہ اللہ حق کو غالب کر دے۔