کہیں نہیں جا رہا، استعفے کی باتیں غلط ہیں، اسد عمر

کہیں نہیں جا رہا، استعفے کی باتیں غلط ہیں، اسد عمر
کیپشن: ہم نے آپشنز پیدا کیے تھے اس لیے فوری طور پر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کیا، اسد عمر۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ فیس بُک

واشنگٹن: وزیر خزانہ اسد عمر نے استعفے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی تردید کر دی اور کہا کہ یہ سب کی باتیں غلط ہیں میں کہیں نہیں جارہا۔ اس موقع پر انہوں نے یہ شعر بھی پڑھا۔ 'ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے بغیر بیرون ملک جاتا ہوں تو ایسی باتیں کی جاتی ہیں اور عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان کو تمہاری ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام جلد مکمل ہو جائے گا اور آئی ایم ایف کی شرائط سے پہلے ہی بنیادی تبدیلیاں کی جا چکی ہیں اور اگلا کام بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کا کرنا ہے اور ہم پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی اصلاحات پر یقین رکھتے ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ خطرناک حد تک ادائیگیوں کے توازن کا بحران تھا جس سے نمٹنے کے لیے اقدامات لیے اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق اقدامات پہلے ہی لیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے آپشنز پیدا کیے تھے اس لیے فوری طور پر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کیا اور معیشت میں ایسے اقدامات لینے پڑتے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ پہلے آئی ایم ایف کی تجاویز پاکستان کی معیشت کے لیے بہتر نہیں تھیں اس لیے اُس وقت تک معاہدہ نہیں کیا جب تک وہ ہمارے سامنے ایسی تجاویز نہ رکھے جو معیشت کی بہتری کے لیے ہوں۔