محبت وباءپر بھاری، کرونا کے جلو میں شادی، آن لائن باراتی خوشی میں شریک

محبت وباءپر بھاری، کرونا کے جلو میں شادی، آن لائن باراتی خوشی میں شریک

جکارتہ :انڈونیشیا میں محمد نور جامان اور اوجی لیستاری ویدیا بھری نے کرونا وائرس کے جلو میں اپنی شادی کی تقریب منعقد کی ہے اور اس شادی کی خاص بات یہ تھی کہ کرونا کی وجہ سے اس میں مہمانوں نے آن لائن شرکت کی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اس شادی کی تقریب میں خاندان کے صرف 8 افراد نے شرکت کی جب کہ دیگر باراتی اور رشتہ دار آن لائن شریک ہوئے۔

آن لائن شادی کی یہ تقریب 40 منٹ جاری رہی۔اگرچہ انڈونیشیا میں سرکاری سطح پر تقریبات پر پابندی عاید نہیں کی گئی تاہم حکومت کی طرف سے شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

آن لائن شادی کرنے والے انڈونیشی دلہا نے کہا کہ اگر مجھ سے کوئی پوچھے کہ آپ مایوس ہیں تو میں کہوں گا کہ ہاں مگر ہمیں حالات کو قبول کرنا پڑتا ہے۔ اس طرح کی صورت حال سے کوئی شخص متاثر نہیں ہوتا بلکہ سب متاثر ہوتے ہیں۔

رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے جوڑے نے گذشتہ برس اکتوبر میں شادی کا فیصلہ کیا تھا۔ شادی کے لیے 12 اپریل کی تاریخ مقرر تھی اور اس موقع پر 500 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا تاہم اب ولیمے کی تقریب بعد میں منعقد کی جائے گی۔