ترسیلات زر میں 2.7 فیصد اضافہ،شکریہ !اوورسیز پاکستانیز:وزیراعظم عمران خان

ترسیلات زر میں 2.7 فیصد اضافہ،شکریہ !اوورسیز پاکستانیز:وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی پاکستان سے محبت اور وابستگی بے مثال ہے ۔ عالمی وبا کے باوجود بیرون ملک پاکستانیوں نے ترسیلات زر کا ریکارڈ قائم کیا ۔

اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے کوویڈ کے باوجود 10 مہینوں میں 2 ارب ڈالر بھیج کر ریکارڈ قائم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر مارچ میں بڑھ کر 2.7 ارب ڈالر ہوگئیں ۔

وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ اوورسیز کی ترسیلات زر گزشتہ سال کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں ۔ رواں مالی سال میں اب تک آپ کی ترسیلات زر میں 26 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ شکریہ اوورسیز پاکستانیز ۔

دوسری طرف کراچی میں تقریب سے خطاب کرتےگورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور اس میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس کی بڑی وجہ ترسیلات زر ہیں، جن میں 26 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی عالمی وبا سے قبل معاشی اشاریے مستحکم تھے۔

گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کا موازنہ کیا جائے تو 2021ء کے دوران اب تک ترسیلات کی شرح میں تقریباً 43 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں آٹوموبائل شعبے میں بہتری آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے 9 مہینوں کی ترسیلات زر گزشتہ مالی سال کے مقابل 26 فیصد زائد ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عیدالفطر پر ترسیلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مسلسل دسویں مہینے 2 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجی ہیں۔