شہباز شریف کی وزیراعظم ہاؤس آمد، چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا

شہباز شریف کی وزیراعظم ہاؤس آمد، چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا

اسلام آباد:  نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف کی  وزیر اعظم ہاؤس آمد کے موقع پر چاق و چوبند دستے نے  گارڈ آف آنر پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو وزیر اعظم ہاؤس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم  نے گارڈ آف آنر کا معائنہ  کیا جس کے بعد  شہباز شریف  کا  وزیراعظم ہاؤس کے عملے سے تعارف کرایا گیا،   نو منتخب وزیراعظم نے عملے سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔

واضح رہے کہ شہباز شریف نے گزشتہ شب پاکستان کے 23 ویں وزیر اعظم کا حلف اٹھا یا،  ایوان صدر میں تقریب حلف برداری ہوئی جس میں صدر مملکت عارف علوی کی طبیعت ناساز ہونے  کے باعث قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا۔

قبل ازیں مہمانان خصوصی کی ایوان صدر  آمد پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ سادہ و پروقار تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ان کے عہدے کا حلف لیا اور حلف برداری کے بعد صادق سنجرانی نے شہباز شریف کو پاکستان کا 23 واں وزیراعظم منتخب ہونے پر ہاتھ ملا کر مبارک باد دی۔

واضح  رہے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد قومی اسمبلی نے شہباز شریف کو پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم کے طور پر منتخب کیا ہے ، ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کے بعد متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف بلا مقابلہ وزیراعظم پاکستان منتخب ہو گئے۔

مصنف کے بارے میں