آصف زرداری،مولانا فضل الرحمن کو کونسا بڑا عہدہ ملنے جا رہا ہے؟کس کو کونسی وزارت ملے گی ؟آگئی اہم خبر

آصف زرداری،مولانا فضل الرحمن کو کونسا بڑا عہدہ ملنے جا رہا ہے؟کس کو کونسی وزارت ملے گی ؟آگئی اہم خبر

لاہور:متحدہ اپوزیشن کے بعد اب پیش خدمت ہے متحدہ حکومت ،جہاں عہدوں کی تقسیم کیسے ہونی ہے یہ بھی ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ؟کیونکہ ہر جماعت کی کوشش ہے کہ وہ اہم عہدے اور اہم وزارتیں ضرور حاصل کرے کیونکہ اگر چند سیٹوں نے والی جماعت کی وجہ سے ایک منتخب کردہ حکومت کو گرایا جا سکتا ہے تو پھر عہدے اور وزارتیں بھی یہ جماعتیں اپنا حق سمجھتی ہیں ۔

اس دور میں سب سے آگے پیپلزپارٹی دکھائی دیتی ہے جنہیں سب سے بڑا عہدہ ملنے کا امکان ہے ،صدر مملکت کیلئے آصف علی زرداری‘ چیئرمین سینیٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی کے نام زیر غور ہیں، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما خواجہ آصف کو وزیر خارجہ‘ شاہد خاقان عباسی کو وزیر دفاع‘ مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنایا جائیگا جبکہ دیگر وزارتوں کیلئے باہمی مشاورت سے امیدوار سامنے لائے جائینگے، ایم کیو ایم کو اس میں حصہ دیا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق  قومی اسمبلی کے سپیکر کیلئے نوید قمر کا نام فائنل کر دیا گیا ہے ،نئی حکومت میں کس جماعت کو کون سی وزارت ملے گی، معاملات طے پانا شروع ہوگئے۔ اپوزیشن جماعتوں میں نئی حکومت سازی کے فارمولے پر مشاورت جاری ہے، مسلم لیگ ( ن) کو سب سے زیادہ وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزارت داخلہ، اطلاعات، ریلوے، اوورسیز، خزانہ، دفاع سمیت دیگر وزارتیں ن لیگ کے پاس ہوں گی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں اتحادیوں کو زیادہ سے زیادہ کابینہ میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں دیگر وزارتیں پیپلز پارٹی اور ( ن)  لیگ کے ارکان کو دی جائیں گی۔ پیپلز پارٹی کو قومی اسمبلی میں سپیکر شپ کا عہدہ، وزارت خارجہ اور دیگر اہم وزارتیں ملیں گی تاہم چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے نئی حکومت میں کوئی عہدہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد نے موجودہ صدر کے مواخذے کا بھی فیصلہ کیا ہے، مواخذے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری یا مولانا فضل الرحمن صدر کے امیدوار ہوں گے۔ ایم کیو ایم کو سندھ کی گورنر شپ کے ساتھ دو سے 3 وزارتیں ملنے کا امکان ہے، بلوچستان عوامی پارٹی ( باپ) کو 2  وزارتیں جبکہ مسلم لیگ ( ق) کے طارق بشیر چیمہ کو بھی اہم وزارت ملنے کا امکان ہے۔ 

ذرائع کے مطابق جے یو آئی کو 2 سے 3 وزارتیں، اختر مینگل کو 2 جبکہ شاہ زین بگٹی، اے این پی اور اسلم بھوتانی کو بھی ایک ایک وزارت دیئے جانے کا امکان ہے۔ آئی این پی کے مطابق شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد نئی حکومت میں سپیکر شپ کیلئے  نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف کا نام لیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں  پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت جلد وزیراعظم کوحتمی فیصلے سے آگاہ کرے گی، پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کو انسانی حقوق کی وزارت دیئے جانے کا امکان ہے اس سے قبل بھی وہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین تھے۔