ریفرنسز کی تیاری، نیب نے جے آئی ٹی رپورٹ کی 10ویں جِلد طلب کر لی

ریفرنسز کی تیاری، نیب نے جے آئی ٹی رپورٹ کی 10ویں جِلد طلب کر لی

اسلام آباد: نیب نے سپریم کورٹ سے پاناما پیپرز کیس میں نواز شریف کی وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے نااہلی کا سبب بننے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی تین مکمل تصدیق شدہ کاپیاں طلب کر لیں۔

نیب کی جانب سے گذشتہ روز عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا کہ براہ کرم جے آئی ٹی رپورٹ کے مکمل سیٹ کے ساتھ احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنے لیے جاری ہونے والا ضمیمہ پیش کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی نیب کی جانب سے کی جانے والی درخواست پر سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی رپورٹ کی 9 جِلدوں پر مشتمل تصدیق شدہ کاپی فراہم کی تھی تاہم جِلد 10 کو روک لیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب کو سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سابق وزیراعظم، ان کے بچوں اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز کو حتمی شکل دینے کے لیے جے آئی ٹی رپورٹ کی کم از کم چار تصدیق شدہ اور مکمل کاپیاں درکار ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے رپورٹ کی 10 ویں جلد جس میں دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ قانونی معاونت (ایم ایل اے) کی تفصیلات موجود ہیں کو چیئرمین جے آئی ٹی واجد ضیاء کی درخواست پر عوامی نہیں کیا تھا۔

یاد رہے جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین ججز پر مشتمل جے آئی ٹی عملدرآمد بینچ نے نواز شریف کے وکیل ایڈووکیٹ خواجہ حارث احمد کو جلد 10 کے دو صفحات دیکھنے کی اجازت دی تھی۔

رپورٹ کے خلاصے کے مطابق اس جلد میں قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 21 کے تحت جے آئی ٹی چیئرمین کی جانب سے بھیجی گئیں مشترکہ قانونی معاونت کی درخواستیں شامل ہیں۔ یہ درخواستیں برٹش ورجن آئی لینڈز کے اٹارنی جنرل، برطانیہ کی سینٹرل اتھارٹی، سعودی عرب کی وزارت داخلہ، متحدہ عرب امارات کی وزارت انصاف، سوئٹرزلینڈ کی سینٹرل اتھارٹی اور لیگزمبرگ کے پراسیکیوٹر جنرل سے کی گئی تھیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں