مصر میں مسافر ٹرینوں کے ٹکرانے سے 41 افراد جاں بحق

مصر میں مسافر ٹرینوں کے ٹکرانے سے 41 افراد جاں بحق

قاہرہ: حکام کے مطابق ملک کے شمالی حصے میں دو مسافر ٹرینوں کے تصادم میں کم سے کم 41 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرین قاہرہ جبکہ دوسری پورٹ سعید کی جانب سے آ رہی تھی۔

امدادی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ حادثہ کیسے ہوا؟۔ مصر میں اس طرح کے مہلک ٹرین حادثات بہت کم ہی ہوتے ہیں۔ مصر کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حادثے میں 120 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مصر کی وزارت صحت کے مطابق علاقے کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی گئی ہے۔ مصر کی ٹریفک وزیر نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ٹرین خراب ہو کر ٹریک پر کھڑی تھی جب دوسری ٹرین اس سے ٹکرا گئی۔ قاہرہ میں 2013 میں ایک ٹرین کے ایک منی بس اور دیگر گاڑیوں سے ٹکرانے کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ مصر میں ریل کا سب سے جان لیوا حادثہ 2002 میں ہوا تھا جب دارالحکومت قاہرہ کے قریب ایک ٹرین میں آگ لگنے سے 370 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں