سعودی عرب خطے میں باپ کا کردار ادا کررہا ہے۔

سعودی عرب خطے میں باپ کا کردار ادا کررہا ہے۔

بغداد:عراق کی صدری تحریک کے رہ نما مقتدیٰ الصدر نے کہا ہے کہ سعودی عرب خطے میں قیام امن کے لیے باپ کا کردار ادا کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عراق کی صدری تحریک کے رہ نما مقتدیٰ الصدر نے امن کیلئے سعودی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب خطے میں باپ کی حیثیت رکھتے ہوئے امن کی کو ششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
انھوں نے گذشتہ ماہ جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ وہ دونوں مختلف امور پر یکساں موقف اور وڑن کے حامل ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ انھوں نے سعودی ولی عہد سے سعودی عرب اور عراق کے درمیان تعلقات ، خطے میں جاری تنازعات و مسائل یمن ، بحرین ، شام ، مقبوضہ بیت المقدس اور ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
مقتدیٰ الصدر نے اپنی ملاقات کو شفاف اور دیانت دارانہ قرار دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ خطے میں جاری تمام تنازعات کو بتدریج وقت کے ساتھ طے کیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قطر اور چار عرب ممالک سعودی عرب ، مصر ، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جاری تنازع کو بھی طے کیا جاسکتا ہے۔تاہم ان کا خیال تھا کہ قطر سمجھوتے پر تیار نہیں ہے لیکن بالآخر وہ ہوش کے ناخن لے گا۔