اداکارہ نیہا دھوپیا ٹریفک حادثے میں زخمی

اداکارہ نیہا دھوپیا ٹریفک حادثے میں زخمی

ممبئی: بالی ووڈ کی مایہ ناز اداکارہ نیہا دھوپیا ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئیں اور اس پر ستم ظریفی یہ کہ لوگ انہیں ہسپتال پہنچانے کے بجائے ان کے ساتھ سیلفیاں بنواتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ چندی گڑھ سے واپس ممبئی آنے کیلئے ائیر پورٹ جارہی تھیں کہ ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا۔ اداکارہ کی گاڑی کو سامنے سے آنے والی تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماردی، اس حادثے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا لیکن خوش قسمتی سے نیہا دھوپیا اور ان کی ٹیم کے لوگوں کو شدید نوعیت کے زخم نہیں آئے تاہم انہیں کندھے میں شدید درد تھا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی چندی گڑھ کے مقامی لوگ وہاں جمع ہوگئے اور گاڑی میں موجود زخمی اداکارہ کو دیکھ کران کی مدد کرنے کے بجائے ان کے ساتھ سیلفیاں کھینچتے رہے اور کچھ آٹو گراف لینے پر بضد رہے۔
اداکارہ اور ان کی ٹیم حادثہ پیش آنے کے بعد تقریباً ایک گھنٹے تک جائے حادثہ پرہی موجود تھی لیکن کوئی بھی ان کی مدد کرنے نہیں آیا ، اداکارہ لوگوں کی بے حسی دیکھ کر حیران رہ گئیں۔بعد ازاں اداکارہ اوران کی ٹیم اپنی مدد آپ کے تحت خود ہسپتال پہنچیں جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کے زخموں کا علاج کیا گیا۔