صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیر کو عید الاضحی کی نماز فیصل مسجد میں ادا کی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیر کو عید الاضحی کی نماز فیصل مسجد میں ادا کی


اسلام آباد :  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیر کو عید الاضحی کی نماز یہاں فیصل مسجد میں ادا کی اور ملک و قوم کیلئے امن، ترقی اور خوژحالی کی دعا کی۔

صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت کا سامنا کرنے والے کشمیری بھائیوں اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ” ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں جو بھارت کے بد ترین مظالم کا سامنا کر رہے ہیں“۔

صدر مملکت نے کہا کہ انشاءاللہ ان کی آزادی زیادہ دور نہیں ہے۔ انہوں نے شہداءکو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمارے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر پوری قوم اور کشمیری بھائیوں کو عید کی مبارکباد بھی دی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کیلئے اپنی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔